نئی دہلی: سپریم کورٹ نے جمعہ کو 26 سیاسی جماعتوں کے اتحاد کا مخفف انڈیا "I.N.D.I.A." کو بطور اپوزیشن اتحاد کے نام استعمال کرنے سے روکنے والی کو درخواست کو مسترد کر دیا ہے۔ جسٹس سنجے کشن کول کی سربراہی والی بنچ نے عرضی پر غور کرنے سے یہ کہتے ہوئے انکار کردیا کہ یہ عرضی پبلسٹی کے حصول کے لیے دائر کی گئی تھی۔ بنچ نے کہا کہ آپ کون ہیں؟ آپ کی دلچسپی کیا ہے؟ اگر انتخابی ضابطوں کی خلاف ورزی ہو تو الیکشن کمیشن کے پاس جائیں۔ آپ صرف پبلسٹی چاہتے ہیں۔ جسٹس کول نے کہا کہ ہم سیاست میں اخلاقیات کا تعین نہیں کرنے والے ہیں، یہ افسوسناک ہے کہ لوگ اس پر وقت ضائع کرتے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ درخواست گزار اپنی عرضی کے ذریعہ سپریم کورٹ سے پریس کونسل آف انڈیا کے لیے ایک ایسے حکم کا مطالبہ کر رہا تھا تاکہ تمام میڈیا ایجنسیاں اپوزیشن اتحاد کے نام کے طور پر "I.N.D.I.A." کا نام استعمال کرنے سے باز رہیں۔ عرضی میں کہا گیا تھا کہ اس اتحاد کے پارٹی کارکن صرف نعروں کا استعمال کر رہے ہیں تاکہ عام لوگوں کے ذہنوں میں یہ غلط بیانیہ پیدا کیا جا سکے کہ بی جے پی آنے والے انتخابات میں ملک "I.N.D.I.A." کے خلاف لڑے گی۔