چیف جسٹس آف انڈیا این وی رمنا کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے کلیجیم نے مرکزی حکومت سے کہا ہے کہ وہ کلکتہ ہائی کورٹ کے ایڈیشنل جج جسٹس کوشک چندا کو مستقل جج کے طور پر تقرری کے لیے سفارش کی ہے۔
جسٹس چندا نے 7 جولائی کو مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کی جانب سے نندی گرام اسمبلی انتخابات کے حوالے سے دائر درخواست کی سماعت سے خود کو الگ کر لیا تھا۔ اس پٹیشن میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈر شوبھیندو ادھیکاری کے نندیگرام اسمبلی حلقہ سے انتخاب جیتنے کو چیلنج کیا گیا تھا۔
جسٹس چندا سے اپنے آپ کو سماعت سے الگ کرنے کی درخواست کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کے وکیل نے دعویٰ کیا تھا کہ جج 2015 میں بھارت کے ایڈیشنل سالیسیٹر جنرل بننے سے پہلے بی جے پی کے ایک فعال رکن تھے اور چونکہ بی جے پی امیدوار کے انتخاب کو چیلنج کیا گیا تھا اسی لیے درخواست سے متعلق فیصلہ دینے میں جانبدارانہ ہونے کا امکان تھا۔