جمعہ کے روز سپریم کورٹ نے سینئر صحافیوں این رام اور ساشی کمار کی جانب سے مبینہ پیگاس جاسوسی معاملہ میں ریٹائرڈ جج کے ذریعہ آزاد تحقیقات کے لئے دائر کی گئی درخواست پر سماعت کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
سینئر ایڈووکیٹ کپل سبل نے چیف جسٹس این وی رمنا اور جسٹس سوریہ کانت کی سربراہی میں بنچ کے سامنے اس معاملے کا تذکرہ کیا جس میں کہا گیا ہے کہ شہریوں، سیاستدانوں، حزب اختلاف کی جماعتوں، صحافیوں اور عدالتی عملے سے تعلق رکھنے والے افراد کو مبینہ نگرانی میں رکھا گیا تھا۔
انہوں نے اصرار کیا کہ یہ ایک ایسا مسئلہ ہے، جو بھارت اور دنیا بھر میں بحث کا موضوع بنا ہوا ہے اور اس مسئلے پر فوری سماعت کی ضرورت ہے۔ سبل کی گذارش کے بعد بنچ نے کہا کہ وہ اگلے ہفتے اس معاملے پر سماعت کرسکتا ہے۔