نئی دہلی: ہم جنس شادیوں کو قانونی قرار دینے پر مرکز نے بدھ کو سپریم کورٹ کے سامنے ایک بار پھر دلیل دی کہ اس معاملے کی پیچیدگیوں اور اس کے سماجی اثرات کو دیکھتے ہوئے اسے پارلیمنٹ پر چھوڑ دیا جانا چاہیے کہ وہ کوئی راستہ نکالے۔چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی سربراہی میں پانچ ججوں کی آئینی بنچ کے سامنے پانچویں دن مرکز کا موقف پیش کرتے ہوئے سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے پوچھا کہ قانون ان لوگوں کو کیسے پہچانے گا جو جنس کی شناخت سے انکار کرتے ہیں۔ مہتا نے یہ عرضیاں سپریو عرف سپریا چکرورتی اور دیگر کی طرف سے دائر درخواستوں کی سماعت کے دوران کہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم جنس شادی ایک بہت پیچیدہ موضوع ہے، جس کے گہرے سماجی اثرات ہیں۔ عدالت کے لیے یہ تصور کرنا ناممکن ہے کہ اگر اسے قانونی حیثیت دی جائے تو جو حالات پیدا ہو سکتے ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ "یہ عدالت ایک ہی قانون کے تحت مختلف زمروں کے افراد کے بارے میں مختلف نقطہ نظر نہیں لے سکتی۔ اس عدالت کے لیے حالات میں مصالحت کرنا ناممکن ہو گا۔" انہوں نے دلیل دی کہ 'قانون اسے کیسے پہچانے گا؟ ایک مرد یا عورت کے طور پر؟ ایک زمرہ ہے جو کہتا ہے کہ جنس کا انحصار مزاج پر ہوگا۔ کوئی نہیں جانتا کہ کسی صورت حال میں ان کی جنس کیا ہوگی۔