لکھنؤ:سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے الزام لگایا ہے کہ مرکز کی نریندر مودی حکومت نے سماج وادی پارٹی حکومت کے میعاد کار میں اترپردیش کے ساتھ بھید۔بھاؤ کیا تھا۔ گلوبل انوسٹر سمٹ میں وزیر اعظم نریندر مودی کے اترپردیش کو بیمارو ریاست بتانے والے بیان کی مذمت کرتے ہوئے یادو نے ہفتہ کو کہاکہ وزیر اعظم جس اترپردیش میں اپنی سیاست چمکانے ائے تھے اسے بیمارو بتا رہے ہیں۔ سماج وادی حکومت نے اترپردیش میں جتنے بھی ترقیاتی کام کئے اس میں مرکزی حکومت نے ایک روپیہ بھی نہیں دیا تھا۔ سماج وادی حکومت نے آگرہ۔لکھنؤ ایکسپریس وے ریاستی حکومت کے بجٹ سے بنایا تھا۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی والے جیور ائیر پورٹ کی بات کررہے ہیں لیکن سچائی یہ ہے کہ سماجوادی حکومت نے اسے بنانے کے لئے این او سی مانگی تھی لیکن مرکز کی بی جے پی حکومت نے بھید بھاؤ کرتے ہوئے نہ نوئیڈا میں انٹرنیشنل ائیر پورٹ بنانے کی این او سی دی اور نہ فیروزآباد کے ہرن گاؤں کے لئے این او سی دی۔ یادو نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے گذشتہ انوسٹر سمٹ کے وقت بھی اسی طرح کا 'ہلا' کیا تھا۔ لاکھوں کروڑوں روپئے کے ایم او یو کا دعوی کیا تھا لیکن زمین پر کوئی بھی سرمایہ کاری دکھائی نہیں دی اور نہ ہی لوگوں کو روزگا ملا۔بی جے پی حکومت نے عوام کو گمراہ کرنے کے لئے اسی طرح کا انعقاد کر کے دھیان بھٹکاتی ہے۔ حکومت بتائے کہ سابقہ سرمایہ کاری سمٹ کے وقت ہوئے ایم او یو میں کتنا زمین پر اترا۔