لکھنؤ:سماج وادی پارٹی(ایس پی) سربراہ و سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو نے حکمراں جماعت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے منگل کوکہا کہ بی جے پی اقتدار میں ناانصافی، مظالم شباب پر ہیں اور اقتدار کے غرور کی آگ نے ایک کنبے کو خاکستر کردیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت۔انتظامیہ دہشت و ہراسانی کے مظہر بن گئے ہیں۔ آج یہاں جاری بیان میں اکھلیش نے کانپور دیہات میں پیش آئے دلدوز واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میتھا تحصیل کے ایس ڈی ایم، لیکھ پال نے غریب کنبے کا گھر بلڈوزر سے منہدم کردیا۔ آگ لگنے کی وجہ سے ماں۔بیٹی کی زندہ جل کر موت ہوگئی۔ یہ واقعہ دل دہلانے والا ہے۔ متاثرہ کنبے کے بیٹے نے نام لے کر انتظامیہ کے افسران کو خاطی قرار دیا ہے۔
ایس پی سربراہ نے کہا یہ بڑے افسوس اور شرم کی بات ہے کہ جلتی جھونپڑ ی سے ماں۔بیٹی کی چیخنے کی آوازیں آرہی تھیں اور موجود افسران وہاں سے فرار ہو گئے۔ جلتی لاشیں انتظامیہ کی بے شرمی کی کہانی بیاں کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ کنبے سے ملنے جا رہے سماج وادی پارٹی لیڈروں کو روکنا حکومت کی منشی کو ظاہر کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بے قصوروں کا قتل ہورہا ہے۔ بی جے پی نے بلڈوزر کو اپنی غیر قانونی طاقت مظہر بنا لیا ہے۔ بی جے پی حکومت کے دن بہت تھوڑے رہ گئے ہیں۔ وہیں گنا قیمتوں میں اضافہ نہ کئے جانے پر حکومت پر کسانوں سے دھوکہ دھڑی کرنے کا الزام لگاتے ہوئے سابق وزیر اعلی نے کہا کہ بی جے پی حکومت لگاتار کسانوں کو دھوکہ دے رہی ہے۔