ممبئی شہر کے مضافاتی علاقے ساکی ناکہ میں نربھیا جیسے دردناک واقعہ کے بعد اس کی شکار متاثرہ 34 سالہ خاتون کی راجہ واڑی اسپتال میں موت واقع ہوگئی ہے جب کہ پولیس نے یہ معمہ حل کر نے کا دعویٰ کرتے ہوئے فٹ پاتھ پر رہنے والے ایک ڈرائیور موہن چوہان کو گرفتارکرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ یہ اطلاع ممبئی پولیس کے سربراہ ہیمنت ناگرالے نے پریس کانفرنس میں دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 ستمبر کی درمیانی شب ساڑھے تین بجے پولیس کو خیرانی روڈ میں ایک پوٹے کی کمپنی میں کام کرنے والے واچ مین نے فون کرکے کنٹرول روم کو اطلاع دی کہ کسی خاتون کے ساتھ تشدد ہورہا ہے۔
اس پر پولیس دس منٹ کے اندر ہی وہاں پہنچ گئی اور جائے وقوع پر پہنچ کر پولیس نے بتایا کہ ایک خاتون لہولہان کھلی ٹیمپو میں پڑی ہوئی ہے زخمی خاتون کو اسی ٹیمپو پر رکھ کر کانسٹیبل نے اسپتال پہنچایا لیکن آج زخموں کی تاب نہ لاکر اس کی موت واقع ہوگئی۔ یہ ایک شرمناک سانحہ ہے۔
ایسا واقعہ ممبئی شہر میں نہیں ہونا چاہئے لیکن اس واقعہ کی تفتیش ایک ماہ میں مکمل کرکے اسے فاسٹ ٹریک عدالت میں چلایا جائے گا۔ جس ٹیمپو میں عصمت دری ہوئی وہ کمپنی کا ٹیمپو تھا۔
ممبئی کے پولیس کمشنر ہیمنت ناگرالے نے بتایا کہ جس ٹیمپو میں عصمت دری ہوئی وہ کمپنی کا ہی ٹیمپو تھا اور وہاں پارک کیا جاتا تھا اسی ٹیمپو میں خاتون کے ساتھ یہ شرمناک حرکت ہوئی۔
متاثرہ خاتون کو اسپتال لے جایا گیا لیکن وہ جانبر نہیں ہوسکی اور وہ بیہوشی کے ہی عالم میں تھی اس لئے اس کا بیان قلمبند نہیں کیا جاسکا اس لئے پولیس کو مزید تفصیل نہیں مل سکی ہے۔
اس معاملہ میں پولیس نے اسپیشل انویسٹیگیشن ٹیم تشکیل دی ہے اس کی سربراہ کے طور پر اے سی پی جوشنا راشم کو مقرر کیا گیا ہے وہ ایک ماہ میں تفتیش مکمل کرکے اس کی چارج شیٹ داخل کرے گی اور پھر اس کیس کو فاسٹ ٹریک عدالت میں چلایا جائے گا۔
پولیس سے غفلت ہوئی ہے یا نہیں پولیس کمشنر نے اس سانحہ کے بعد یہ جانچ بھی شروع کردی ہے کہ پٹرولنگ اور گشت کے دوران پولیس اہلکاروں یا افسران سے غلطی ہوئی یا نہیں اس کی جانچ کے لیے بھی کیو آر کوڈ کی تفصیل معلوم کی جائے گی کیونکہ ہر سڑک اور فٹ پاتھ و حساس مقامات پر کیو آر کوڈ کی تنصیب کی گئی ہے۔ حادثہ کے دوران پولیس ٹیم وہاں گئی تھی یا نہیں یا حادثہ سے قبل پولیس فورس کا گزر ہوا ہے یا نہیں اس کی تفتیش کی جارہی ہے۔