کانگریس رہنما راہل گاندھی نے منگل کے روز ایک پروگرام میں کہا کہ عراق کے ڈکٹیٹر صدام حسین اور لیبیا کے معمر قذافی نے بھی انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی۔
راہل نے اپنے آن لائن خطاب کے دوران کہا کہ صدام حسین اور قذافی کے اقتدار میں بھی انتخابات ہوا کرتے تھے۔ انتخابات میں ان کی جیت بھی ہوتی تھی۔ ایسا نہیں تھا کہ لوگ ووٹ نہیں دیتے تھے لیکن ان کے ووٹوں کے تحفظ کے لئے کوئی ادارہ جاتی ڈھانچہ موجود نہیں تھا۔ راہل نے یہ جواب براؤن یونیورسٹی کے پروفیسر آشوتوش وارشنیہ ، دیگر فیکلٹی ممبران اور طلباء کے ساتھ بات چیت کے دوران دیا۔
راہل نے کہا کہ انتخاب صرف یہ نہیں ہے کہ لوگ جاکر بٹن دبائیں اور حق رائے دہی کا استعمال کریں۔ الیکشن ایک تصور ہے، الیکشن ایک ادارہ ہے ، جو اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ ملک کا ڈھانچہ صحیح طریقے سے کام کر رہا ہے۔