مرکزی حکومت نے افغانستان کی صورت حال پر بات کرنے کے لیے آج صبح 11 بجے کل جماعتی اجلاس طلب کیا ہے۔ وزیر خارجہ ایس جے شنکر تمام سیاسی جماعتوں کے فلور لیڈرز کو بریفنگ دیں گے۔ مرکزی حکومت افغانستان سے لوگوں کو نکالنے کے مشن اور وہاں کی موجودہ صورتحال کے حکومتی جائزے پر اہم معلومات دے سکتی ہے۔
یہ اجلاس اس وقت سامنے آیا ہے جب اپوزیشن جماعتوں نے حکومت سے افغانستان کے بحران پر بیان جاری کرنے کو کہا۔ لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر ادھیر رنجن چودھری اور راجیہ سبھا میں ایل او پی ملیکا ارجن کھڑگے بھی میٹنگ میں موجود ہوں گے۔
واضح رہے کہ پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے گذشتہ پیر کو اس حوالے سے معلومات دی تھی۔ اس سے قبل وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے بتایا تھا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے وزارت خارجہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ مختلف جماعتوں کے رہنماؤں کو افغانستان سے متعلق پیش رفت سے آگاہ کریں۔
اس تعلق سے تمام سیاسی جماعتوں کے فلور لیڈرز کو دعوت نامے بھیج دیے گئے ہیں۔''وزیر خارجہ نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ "افغانستان میں پیش رفت کو دیکھتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے ہدایت کی ہے کہ وزارت خارجہ، سیاسی جماعتوں کے اعلیٰ رہنماؤں کو افغانستان کی پیش رفت سے آگاہ کریں۔‘‘پارلیمانی امور کے وزیر پرلہاد جوشی اس حوالے سے مزید معلومات دیں گے۔