نئی دہلی: وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے ہفتہ کو آسٹریلیا کے وزیر اعظم انتھونی البانی سے ملاقات کی اور اگلے ماہ ہندوستان کے دورے سے قبل دو طرفہ اسٹریٹجک شراکت داری پر تبادلہ خیال کیا۔ ڈاکٹر جے شنکر نے وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے البانی کو ذاتی طور پر سلام کیا۔ وزیر خارجہ نے اپنے ٹوئٹ میں کہا 'آج صبح سڈنی کے کری بلی ہاؤس میں آسٹریلیا کے وزیر اعظم سے مل کر خوشی ہوئی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے کی جانب سے انہیں ذاتی طور پر سلام کیا۔ ہماری اسٹریٹجک شراکت داری کا مکمل جذبہ باہمی بات چیت کے مرکز میں رہا۔'
آسٹریلیائی وزیر اعظم نے اپنے ٹویٹ میں لکھا 'اگلے ماہ ہندوستان کے دورے سے پہلے آج صبح ڈاکٹر جے شنکر سے ملاقات بہت اچھی رہی۔ ہم نے اپنی اسٹریٹجک شراکت داری، اقتصادی مسائل اور عوام سے عوام کے درمیان روابط پر تبادلہ خیال کیا جو ہمارے ممالک کی خوشحالی کی بنیاد ہیں۔' ایک اور پروگرام میں، ڈاکٹر جے شنکر نے رائسینا سڈنی بزنس بریک فاسٹ میٹنگ سے بھی خطاب کیا۔ آج کے عالمی منظر نامے میں، انہوں نے ہم خیال ممالک کی معیشت کو خطرات سے بچانے اور ڈیجیٹل دنیا کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنے اور ایسے تعلقات استوار کرنے کی ضرورت پر زور دیا جو معیشت کے لیے استحکام کا کام کرتے ہیں۔