(پٹنہ) ذاتی مردم شماری کو لے کر مخالف پارٹی ایک بار پھر سے سڑکوں پر اتر آئی ہے، راشٹریہ جنتا دل کے لیڈران و کارکنان نے مرکزی و ریاستی حکومت کے خلاف زبردست احتجاج و مظاہرہ کیا۔ راجد کے ریاستی صدر جگدا نند سنگھ کی قیادت میں پارٹی آفس سے نکلے مظاہرہ کو پولس انتظامیہ نے آئیکر چوراہا پر روک دیا گیا جبکہ مظاہرین کو ضلع کلکٹریٹ تک جانا تھا۔ احتجاج کر رہے لیڈران میں سابق وزیر عبد الباری صدیقی، بہار اسمبلی کے سابق اسپیکر ادئے نارائن چودھری، سابق وزیر برشن پٹیل، یوتھ کے ریاستی صدر قاری صہیب و دیگر لیڈران آئیکر چوراہا پر ہی احتجاج پر بیٹھ گئے۔
اس موقع پر خاتون سیل کی نودیتا کماری نے کہا کہ مرکزی حکومت کو چاہیے کہ وہ ایک بار ذات پر مبنی شمار کرائے، اس کے لئے ریاستی حکومت کو بھی مرکزی حکومت پر دباؤ بنائے۔ اگر مرکزی حکومت نہیں کراتی ہے تو پھر ریاستی حکومت اپنے خرچ سے مردم شماری کرائے، جب تک کہ ذات شماری نہیں کی جائے گی تب ذات کے حساب سے انہیں سہولیات نہیں ملیں گی۔