پٹنہ: بہار قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے رہنما تیجسوی پرساد یادو نے آج الزام لگایا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے ملک کی سب سے نوجوان ریاست بہار کو سب سے زیادہ بے روزگار ریاست بنا دیا ہے۔ انہوں نے اتوار کو نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی اتحاد کی ڈبل انجن والی حکومت ہونے کے باوجود بہار پائیدار ترقی کے ہر اشاریہ میں ناکام ثابت ہوا ہے۔ ریاست میں ڈبل انجن والی حکومت پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مرکز کی نام نہاد ڈبل انجن حکومت کا انجن بغیر ایندھن کے گیراج میں کھڑا کباڑ بن گیا ہے اور اس نے ریاست کی ترقی کو پٹری سے اتار دیا ہے۔ RJD leader tejashwi yadav on Bihar Govt
انہوں نے مزید کہا کہ یہ ستم ظریفی ہے کہ بی جے پی حکومت جو سال 2014 میں ہر بھارتی کے کھاتے میں 15 لاکھ روپے، بہار کو خصوصی درجہ دینے اور سالانہ دو کروڑ نوکریوں کا وعدہ کر کے اقتدار میں آئی تھی، نے ملک کی سب سے نوجوان ریاست بہار کو سب سے زیادہ بے روزگار ریاست بنا دیا ۔ دو کروڑ سالانہ نوکریوں کی وعدہ خلافی کے باوجود سال 2020 میں بہار کے نوجوانوں کو 19 لاکھ نوکریوں کا وعدہ کیا اور پھر دھوکہ دیا اور نوجوانوں کی پیٹھ میں چھرا گھونپا۔ انہوں نے کہا کہ اس سب کے باوجود ان کا پیٹ نہیں بھرا، پھر انہوں نے فوج کی بھرتی میں کنٹریکٹ پر اگنی پتھ اسکیم نافذ کرکے نوجوانوں کے خوابوں کو ایک بار پھر تباہ کردیا۔