نئی دہلی: راشٹریہ جنتا دل کے راجیہ سبھا رکن منوج جھا نے جمعرات کو راجیہ سبھا میں خواتین ریزرویشن بل پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ دیگر پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والی خواتین کو بھی اس بل میں شامل کیا جائے۔ منوج جھا نے کہا کہ ابھی بھی وقت دستیاب ہے اور میں درخواست کرتا ہوں کہ بل کو ایک سلیکٹ کمیٹی کو بھیجا جائے اور ایس سی، ایس ٹی کے ساتھ او بی سی کو بھی اس میں شامل کیا جائے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ لوک سبھا میں پاس ہونے والے بل پر کوئی بحث نہیں کر رہا ہے بلکہ او بی سی خواتین کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں پر بات کر رہا ہے۔
آنجہانی سیاسی رہنما سروجنی نائیڈو کے مقننہ میں برابر نمائندگی کے ان کے مطالبے کا حوالہ دیتے ہوئے منوج جھا نے سوال کیا کہ بل صرف 33 فیصد کو ریزرویشن دینے کا ارادہ کیوں رکھتا ہے اور 50 فیصد یا 55 فیصد کیوں نہیں؟ قابل ذکر ہے گزشتہ روز لوک سبھا میں اسی بل پر بحث کے دوران راہل گاندھی نے بھی او بی سی کو اس بل میں شامل کرنے پر زور دیا تھا انھوں نے کہا تھا کہ جب تک خواتین ریزرویشن بل میں او بی سی کو شامل نہیں کیا جاتا تب تک یہ بل نامکمل ہے۔ اس علاوہ راہل گاندھی اس بل کو فورا نافذ کرنے کا بھی مطالبہ کیا تھا۔