ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری اورحکومت کی خاموشی پر سخت تنقید کرتے ہوئے آل انڈیا کانگریس کمیٹی شعبہ ا قلیت کے قومی صدر عمران پرتاپ گڑھی نے کہا کہ بڑھتی مہنگائی سے عوام کا برا حال ہے اور حکومت اس سمت میں کوئی قدم نہیں اٹھارہی ہے۔
یہ بات انھوں نے چنڈی گڑھ کے’منی ماجرا‘ میں ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے چنڈی گڑھ کے لوگوں سے اپیل کی کہ کچھ دنوں بعد بلدیاتی انتخابات ہونے والے ہیں، آپ کو حکمرانی کے بارے میں سب کچھ معلوم ہے۔ کانگریس اور بی جے پی حکومت میں کیا کیابدلاؤ دیکھنے کو ملے ہیں۔ چنڈی گڑھ کی عوام کو سب علم ہے۔ بی جے پی حکومت کی تانا شاہی، بیان بازی اور عوام کے خلاف پالیسیوں کی وجہ سے ملک انتہائی برے دور سے گزر رہا ہے اور بے روزگاری بڑھ رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات میں بی جے پی کو شکست دے کر اپنے پیارے ملک کو ترقی کی راہ پر واپس بھیجنے کا کام شروع کریں، جس طرح آپ کے پڑوسی ریاست ہماچل پردیش کی عوام نے بی جے پی کو شکست دے کر کانگریس کو جتایا ہے، یہ ایک واضح پیغام ہے کہ ملک میں بی جے پی حکومت کی پالیسیوں سے عوام مکمل طور پرپریشان ہو چکی ہیں۔اور اب بی جے پی کو سبق سکھانے کا وقت آگیا ہے۔عمران پرتاپ گڑھی نے کہا کہ ملک کی عوام کو مذہب کی بنیاد پر لڑا نے کا کام کیا جارہا ہے۔