اندور:اسٹیو اسمتھ نے میچ کے موقع پر کہاکہ عام طور پر یہ (کپتانی کی ذمہ داری) مجھ میں بہترین چیز کو سامنے لاتی ہے۔ میں پیٹ (کمنز) کی غیر موجودگی میں ٹیم کی قیادت کرنے کا منتظر ہوں۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ کمنز کو ان کی والدہ کی طبیعت خراب ہونے پر آسٹریلیا اپنے گھر واپس جانا پڑا جس کے بعد اسمتھ کو تیسرے ٹیسٹ کے لیے کپتانی سونپی گئی۔ اسمتھ بھارت کے دورے پر اب تک دو ٹیسٹ میچوں میں صرف 71 رنز ہی بنا سکے ہیں، حالانکہ وہ بھارتی حالات سے واقفیت کی وجہ سے آنے والے میچوں میں بڑی اننگز کھیلنے کے لیے پر امید ہیں۔
اسمتھ نے کہاکہ ’’میں ان حالات کو اچھی طرح جانتا ہوں۔ یہ میرے دوسرے گھر کی طرح ہے، میں نے ہندوستان میں کافی کرکٹ کھیلی ہے۔ میں کھیل کی باریکیوں اور پچ کی پیچیدگیوں کو سمجھتا ہوں۔ کھیلنے کے لئے تیار ہوں۔‘‘ سیریز میں 0-2 سے پیچھے رہنے کے بعد آسٹریلیا کو معجزانہ واپسی کی ضرورت ہے جس کے لیے اسے پہلے اپنی بیٹنگ میں بہتری لانا ہوگی۔ دہلی ٹیسٹ میں دو دن تک میچ پر مضبوطی سے گرفت رکھنے کے بعد آسٹریلیا تیسرے دن کے پہلے سیشن میں ہی میچ ہار گیا۔ ایک ایک کر کے آسٹریلوی بلے باز اسپن کے خلاف ناقص شاٹس کھیلتے ہوئے آؤٹ ہوتے گئے جس کی وجہ سے آسٹریلیا کو چھ وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔