نوئیڈا: ڈاکٹر سچندرا مشرا نے کہا کہ دسہرہ کے بعد سے ہوا میں نمی آنے لگتی ہے اور موسم گرما کی بنسبت ہوا زیادہ آلودہ ہو جاتی ہے۔ اس صورت میں ماسک تین گنا تحفظ فراہم کرتا ہے۔ ماسک آپ کو دھول، دھوئیں اور کووِڈ انفیکشن سے بچاتا ہے۔ اس کے علاوہ اگر آپ کورونا کی پہلی یا دوسری لہر میں کووڈ پازیٹو ہوئے ہیں، تو اس دیوالی پر محتاط رہیں۔ آلودہ ہوا آپ کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔ سب کو یاد رکھنا ہوگا کہ کورونا ابھی ختم نہیں ہوا، صرف کم ہوا ہے۔
ڈاکٹر سچندرا مشرا کا کہنا ہے کہ بازار میں خریداری کرتے وقت منہ اور ناک کو ماسک سے اچھی طرح ڈھانپ کر رکھیں، ایک دوسرے سے مناسب فاصلہ رکھیں، دکان میں داخل ہوتے اور باہر نکلتے وقت ہاتھوں کو اچھی طرح سے سینیٹائز کرنا نہ بھولیں۔ بازار سے واپسی پر جوتے اور چپل باہر ہی اتاریں، بازار سے لائے ہوئے سامان کو تھوڑی دیر کے لیے کھلے میں رکھیں اور کسی بھی گھریلو سامان کو صابن اور پانی سے اچھی طرح دھونے کے بعد ہی چھوئیں۔ دکاندار کو بھی اس بات کا پورا خیال رکھنا چاہیے کہ وہ دکان کے شو روم پر ہر وقت ماسک لگائے رکھے اور درمیان میں ہاتھ کی صفائی کا بھی خیال رکھے کیونکہ اسے یہ نہیں معلوم کہ وہ دن میں کتنے لوگوں سے رابطہ کرتا ہے۔ اس لیے اسے احتیاط کرنا بہت ضروری ہے تاکہ اپنے ساتھ ساتھ دوسروں کی بھی حفاظت کر سکیں۔