ناگپور:ریاست مہاراشٹر کے ضلع ناگپور میں واقع راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے ہیڈکوارٹر میں یوم جمہوریہ کے پیش نظر آج قومی پرچم لہرایا گیا۔ اس موقع پر ناگپور مہانگر کے شریک آرگنائزر سریدھر گاڈگے کے ساتھ دیگر عہدیداران اور سینکڑوں رضاکار موجود تھے۔ ریشم باغ کے اسمرتی مندر علاقہ میں ہیڈگیوار میموریل کمیٹی کی جانب سے یوم جمہوریہ کی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ پرچم کشائی کی اس تقریب میں معروف فزیشن ڈاکٹر سشیل مندھانیا مہمان خصوصی کے طور پر موجود تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال 26 جنوری کو ناگپور میں تقریباً 52 سال بعد پہلی بار راسٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) نے اپنے ہیڈکوارٹر میں قومی ترنگا لہرایا تھا۔ یوم جمہوریہ کے موقع پر ریشم باغ کے اسمرتی بھون میں قومی پرچم لہرایا گیا تھا، جس میں آر ایس ایس کے بانی ڈاکٹر کیشو بلیرام ہیڈگیوار اور ایم ایس گولوالکر کی یادگاریں ہیں۔ آر ایس ایس کے دفتر کے مطابق چھوٹو بھیا دھاکراس، موہتے وبھاگ کے نگر سنگھ چالک اور ڈاکٹر ہیڈگیوار اسمارک سمیتی کے شری رام جی جوشی نے بالترتیب ہیڈکوارٹر اور اسمرتی بھون میں پرچم لہرائے۔