جموں و کشمیر پولیس نے ان خبروں کی تردید کی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ افغانستان میں طالبان کے کنٹرول کے بعد جموں و کشمیر میں کم از کم 60 نوجوان لاپتہ ہو گئے ہیں۔
جموں و کشمیر پولیس نے ٹویٹ میں آئی جی پی کشمیر وجے کمار کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا: 'کچھ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر خبریں چلائی جا رہی ہیں کہ افغانستان پر طالبان کے قبضے کے دوران وادی کشمیر کے مختلف حصوں سے 60 نوجوان لاپتہ ہو گئے ہیں۔ یہ سراسر بے بنیاد خبر ہے۔'
واضح رہے کچھ میڈیا اداروں نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ ایک ماہ سے جموں و کشمیر میں تشدد کے واقعات میں نمایا اضافہ ہوا ہے اور اس دوران 60 نوجوان لاپتہ ہوئے ہیں۔
حال ہی میں آئی جی پی وجے کمار نے کہا تھا کہ نوجوانوں کی عسکری صفوں میں شمولیت ایک مسئلہ ہے جس کا مقابلہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے نے نوجوانوں کے اہلخانہ سے اپیل کی تھی کہ وہ بچوں پر نظر رکھیں اور ان کو غلط راستے پر جانے سے روکے۔