ملک کے مشہور و معروف صنعتکار مکیش امبانی کی کمپنی ریلائنس ریٹیل نے بھارت کی معتبر کوئک کامرس کمپنی ڈنزو میں 20 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔ اس سرمایہ کاری سے خوردہ شعبے میں ریلائنس ریٹیل کی گرفت مزید مستحکم ہونے کی توقع کی جارہی ہے۔ ریلائنس ریٹیل اب اس کمپنی میں 25.8 فیصد حصص کا مالک ہوگا۔ اس سرمایہ کاری سے ڈنزو کمپنی کو مجموعی طور پر24 کروڑ ڈالر حاصل ہوں گے۔ Reliance Retail Investment in Dunzo
اس مفاہمت پر اظہار خیال کرتے ہوئے ریلائنس ریٹیل وینچرز لمیٹڈ کی ڈائرکٹر ایشا امبانی نے کہا کہ ہم آن لائن کھپت کے طریقہ کار میں تبدیلی دیکھ رہے ہیں اور ڈنزو کمپنی نے اس شعبے میں ہمیں کافی متاثر کیا ہے۔ ڈنزو کے ساتھ اشتراک سے ریلائنس ریٹیل کے صارفین کو زیادہ سہولت فراہم ہوگی نیز ریلائنس ریٹیل اسٹوروں سے مصنوعات کی تیز تر فراہمی کے ساتھ ساتھ صارفین کو منفرد تجربہ بھی حاصل ہوگا۔ ہمارے ساتھ وابستہ تاجروں کو بھی ڈنزو کے ہائپر لوکل ڈیلیوری نیٹ ورک سے مدد ملے گی۔
اس موقع پر ڈنزو کمپنی کے سی ای او اور شریک بانی کبیر بسواس نے کہا کہ ابتداء سے ہی ہم نے صارفین کو بے مثل تجربہ فراہم کرنے کی کوشش کی ہے اور یہ فنڈنگ راؤنڈ ہمارے وژن کے مستند ہونے کی بڑی دلیل ہے۔ اس سرمایہ کاری کے ساتھ ریلائنس ریٹیل ہمارا طویل مدتی پارٹنر ہوگا جس کے ساتھ ہم تیزی سے ترقی کی منزلیں طے کرسکتے ہیں۔