گاندربل:ملک بھر میں جہاں رام نومی کی تقریب کے سلسلے میں پوجا پاٹ کا سلسلہ جمعرات صبح سے ہی جاری ہے۔ وہیں گاندربل کے کھیربھوانی مندر تولہ مولہ میں بھی باضابطہ طور پر پوجا پاٹ ہوئی ہے۔ جس میں ضلع کے ڈپٹی کمشنر شامبیر سنگھ، غیر مقامی لوگوں اور کشمیری پنڈتوں نے بڈھ چڑھ کر حصہ لیا۔ اس موقع پر وادی کشمیر میں امن اور شانتی کے لئے خصوصی دعا کا بھی اہتمام کیا گیا۔ اس دوران مندر کو خوبصورت انداز میں سجایا گیا تھا جبکہ مندر کی جانب جانے والے راستے پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ آج اس مندر میں اس وقت رونق دیکھنے کو ملی ہے جب مندر کے اندر کافی تعداد میں کشمیری پنڈتوں کو ایک مرتبہ پھر سے دیکھا گیا۔ ان میں زیادہ تر تعداد کشمیری پنڈت ملازمین کی تھی، جو کشمیر میں اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
اس دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے کشمیری پنڈتوں نے کہا کہ ہم اس دن کو بڑے ہی جزبے کے ساتھ مناتے ہیں۔ ہم خوشی محسوس کرتے ہیں کہ رمضان اور رام نومی ایک ہی مہینے میں ہے، اس لئے مسلمان اور ہندو برادری کے لوگ ایک ساتھ منارہے ہیں۔ ہم دعا کرتے ہیں کہ ہم لوگ مسلمانوں کے ساتھ پہلے کی طرح ایک دوسرے کے سکھ دکھ میں شامل ہو جائیں۔ یہ ہی کشمیریت ہے اور یہ ہی ہندو مسلم بھائی چارے کی مثال بھی ہے۔ اس دوران کانپور سے آئی ہوئی ایک خاتون سیاح نے کہا کہ مجھے اس مندر میں آنے کا شوق تھا اور آج میں نے یہاں آکر اپنی من کی مرادوں کو پورا کیا۔