نئی دہلی: راجیہ سبھا نے آج کویت کے امیر شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح کو ان کے انتقال پر دو منٹ کی خاموشی اختیار کرکے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ چیئرمین جگدیپ دھنکھڑ نے پیر کو کارروائی شروع کرنے سے پہلے ایوان کو بتایا، ’’معزز اراکین، ہمیں کویت کے امیر محترم شیخ نواب الاحمد الجابر الصباح کی رحلت پر افسوس ہوا ہے۔ ان کی موت سے کویت ایک عظیم سیاستدان سے محروم ہو گیا۔ شیخ نواب نے کویت کی ترقی اور خوشحالی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ شیخ نواب کی قیادت میں بھارت کے کویت کے ساتھ قریبی اور دوستانہ تعلقات رہے ہیں۔
یہ پارلیمنٹ اس مشکل وقت میں کویت کے حکمراں کنبہ، رہنماؤں اور کویت کے شہریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ کویت میں رہنے والے بھارتی کمیونٹی کے لوگ بھی ان کی کمی محسوس کریں گے۔ اس کے بعد ایوان نے مرحوم کی یاد میں کچھ دیر خاموشی اختیار کرکے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
اس قبل آج صبح وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے دہلی میں کویت کے سفارت خانے کا دورہ کرکے امیر کویت کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ بھارت کی حکومت اور عوام ہمارے تعلقات کو مضبوط بنانے میں ان کی قابل ذکر شراکت کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ اس دوران وزیر خارجہ جے شنکر نے یکجہتی اور دوستی کے نشان کے طور پر سفارت خانے میں سرکاری تعزیتی کتاب پر دستخط بھی کیے۔