نئی دہلی:راجیہ سبھا میں منی پور معاملے پر بحث کے لیے نعرے بازی اور ہنگامہ شروع ہونے کے بعد راجیہ سبھا کی کارروائی پیر (31 جولائی) کی صبح 11 بجے تک ملتوی کر دی گئی۔ اپوزیشن پارٹیاں منی پور تشدد معاملے پر وزیر اعظم نریندر مودی کے بیان کا مطالبہ کر رہی ہیں۔ اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد I.N.D.I.A منی پور پر پی ایم مودی کے بیان کا مطالبہ کرتے ہوئے پارلیمنٹ کے احاطے میں ممبران پارلیمنٹ کی جانب سے مظاہرہ جاری ہے۔ وہیں لوک سبھا کی کارروائی شروع ہوتے ہی اپوزیشن کے ارکان اسمبلی نے نعرے بازی شروع کردی اور ہنگامہ آرائی شروع کردی۔ اس کے بعد لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے کارروائی دوپہر 12 بجے تک ملتوی کرنی پڑی۔ لوک سبھا کی کارروائی دوبارہ شروع ہوتے ہی پھر سے ہنگامہ شروع ہوا جس کے بعد لوک سبھا کی کارروائی 31 جولائی 11 بجے تک کے لیے ملتوی کر دی گئی۔
لوک سبھا میں جمعہ کو بھی وقفہ سوالات نہیں چل سکا اور اپوزیشن جماعتوں کے ارکان کے زبردست ہنگامہ آرائی کی وجہ سے اسپیکر اوم برلا کو ایوان کی کارروائی 12 بجے تک ملتوی کرنی پڑی۔ برلا نے جیسے ہی ایوان کی کارروائی شروع کی، اپوزیشن کے ارکان نے نشست کے سامنے آکر ہنگامہ شروع کردیا۔ ادھیر رنجن چودھری نے کہا کہ پچھلی بار 2019 میں تحریک عدم اعتماد لائی تھی، پھر اسی دن اس پر بحث ہوئی، اس بار ایسا کیوں ہوا کہ اب تک بحث شروع نہیں ہوئی۔ اسپیکر نے ہنگامہ کرنے والے ارکان سے پوچھا ’’آپ وقفہ سوالات نہیں چلانا چاہتے۔ وقفہ سوالات چلایئے۔ آل پارٹی میٹنگ میں بھی میں نے سب کو ایوان کی کارروائی چلانے میں تعاون کرنے کی اپیل کی تھی۔ ایوان اصول و ضوابط کے مطابق چلتا ہے، ہنگامہ آرائی سے نہیں چلتا۔