نئی دہلی: پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کا آج دوسرا دن ہے۔ ایوان کی کارروائی 11 بجے شروع ہوئی۔ اپوزیشن کے شور وغل کے درمیان راجیہ سبھا کی کارروائی 2.30 بجے تک ملتوی کر دی گئی۔ وہیں ہنگامہ آرائی کے درمیان لوک سبھا کی کارروائی 24 جولائی صبح گیارہ بجے تک ملتوی کر دی گئی ہے۔ لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے کہا ہے کہ نعرے لگانے سے مسئلہ ختم نہیں ہوگا۔ بات چیت سے کوئی حل نکلے گا۔ منی پور میں منی پور میں خواتین کی برہنہ پریڈ اور تشدد کے معاملے پر پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں ناراض اپوزیشن نے ہنگامہ کیا۔
مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ اپوزیشن بحث سے کیوں بھاگ رہی ہے؟ جب ملک کے عوام پارلیمنٹ کے اجلاس کو ایک امید کے ساتھ دیکھتے ہیں اور یہ اپوزیشن پارٹیاں انہیں ایشوز اٹھانے نہیں دیتیں، بحث میں حصہ نہیں لیتیں تو بذات خود ان کے کردار پر سوالیہ نشان کھڑا ہوجاتا ہے۔ ہم بحث میں حصہ لینا چاہتے ہیں لیکن اپوزیشن ذمہ داری اور بحث سے بھی بھاگ رہی ہے۔ منی پور معاملے پر پارلیمنٹ میں ہنگامہ آرائی پر پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی کا کہنا ہے کہ جب بھی اسپیکر ہدایات دیں گے، ہم بحث کے لیے تیار ہیں۔