جموں: مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے پیر کو سابق امریکی صدر براک اوباما کو بھارتی مسلمانوں کے بارے میں ان کے تبصروں پر تنقید کا نشانہ بنایا اور مشورہ دیا کہ اوباما کو پہلے یہ دیکھنا چاہیے کہ ان کے دور حکومت میں کتنے مسلم اکثریتی ممالک پر حملے ہوئے ہیں۔ یہاں قومی سلامتی کے ایک اجلاس میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے راجناتھ سنگھ نے کہا کہ اوباما کو معلوم ہونا چاہئے کہ بھارت کے لوگ 'وسودھیو کٹمبکم' کے تصور پر یقین رکھتے ہیں اور تمام لوگوں کو ایک عالمی خاندان کا رکن سمجھتے ہیں۔ انہیں یہ بھی سوچنا چاہئے کہ انہوں نے (امریکی صدر کی حیثیت سے) کتنے مسلم ممالک پر حملہ کیا ہے۔
ان کا یہ تبصرہ اس وقت آیا جب وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے اتوار کو اوباما پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ چھ مسلم اکثریتی ممالک کو امریکہ نے اس وقت بمباری کا نشانہ بنایا جب اوباما اس کے صدر تھے۔ یہ تبصرہ اس وقت سامنے آیا جب امریکی سابق صدر براک اوباما نے ایک میڈیا انٹرویو کے دوران کہا کہ اگر بھارت میں اقلیتوں کو تحفظ فراہم نہیں کیا گیا تو اس بات کا قوی امکان ہے کہ ملک کسی بھی وقت ٹوٹنا شروع ہو جائے۔ اوباما نے مزیدکہا کہ اگر صدر جو بائیڈن پی ایم مودی سے ملاقات کرتے ہیں تو ہندو اکثریت والے بھارت میں مسلم اقلیت کا تحفظ قابل ذکر ہے۔