راجستھان نے کولکتہ کو 20 اوورز میں نو وکٹوں پر 133 رنز کے معمولی اسکور پر روکنے کے بعد 18.5 اوور میں چار وکٹ پر 134 رنز بناکر جیت اپنے نام کرلی، اس شکست کے ساتھ کپتان ایان مورگن کی کولکتہ ٹیم کو پانچ میچوں میں چوتھی شکست کا سامنا کرنا پڑا اور وہ ٹیبل میں آٹھویں اور آخری ٹیم پوزیشن پر آ گئی ہے۔
سیمسن نے 41 گیندوں پر دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 42 رنز کی ناقابل شکست میچ وننگ اننگز کھیلیب اور اوپنر یاشسوی جیسوال نے 17 گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے 22 رنز بنائے۔ شیوم ڈوبی نے 18 گیندوں پر 22 رنز میں دو چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ ڈیوڈ ملر نے 23 گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے 24 رنز بناکر سیمسن کے ساتھ ناقابل شکست پویلین لوٹ گئے۔ راجستھان پانچ میچوں میں سے دوسرا میچ جیتنے کے بعد ٹیبل میں چھٹی پوزیشن پر پہنچ گیا ہے۔
اس سے پہلے راجستھان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ کولکاتا کے بلے بازوں نے دھیمی شروعات کرتے ہوئے چھ اوور کے پاور پلے میں ایک وکٹ کے نقصان پر 29 رنز بنائے۔ شبھمن گل نے 19 گیندوں پر ایک چوکا کی مدد سے صرف11 رنز بناکر جوس بٹلر کے سیدھے تھروپر رن آوٹ ہوئے۔ نتیش رانا اور راہل ترپاٹھی نے دوسرے وکٹ کے لئے 21 رنز کا اضافہ کیا۔ رانا نے چیتن سکریا کی گیند پر وکٹ کیپر سنجو سیمسن کوکیچ دے دیا۔ رانا نے 25 گیندوں میں ایک چوکا اور ایک چھکا کی مدد سے 22 رنز بنائے۔ سنیل نارائن نے سات گیندوں پر ایک چوکا کی مدد سے چھ رنز بنائے اور وہ جئے دیو انادکٹ کی گیند پر یشسوی جیسوال کے ہاتھوں بہترین کیچ کے ذریعہ آوٹ ہوئے۔