جے پور: کانگریس نے پارٹی کی قومی صدر سونیا گاندھی اور رہنما راہل گاندھی کو نیشنل ہیرالڈ معاملے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی جانب سے سمن جاری کیے جانے کے خلاف آج راجستھان کے دارالحکومت جے پور میں کانگریس رہنماؤں اور کارکنان کی جانب سے پیدل مارچ نکالا گیا۔ اس پیدل مارچ کے لیے کانگریس کے لوگ ریاستی کانگریس ہیڈکوارٹر پر جمع ہوئے اور ریاستی کانگریس صدر گووند سنگھ ڈوٹاسرا کی قیادت میں پیدل مارچ شروع ہوا جو پولس کمشنر دفتر کے سامنے اور مختلف راستوں سے ہوتا ہوا ای ڈی آفس پہنچا۔ Rajasthan Congress takes out protest march against ED notices to Gandhis
پیدل مارچ میں وزیر مملکت شانتی کمار دھاریوال، وزیر تعلیم بی ڈی کلہ، وزیر صحت پرسادی لال مینا، وزیر ریونیو رام لال جاٹ، وزیر خوراک پرتاپ سنگھ کھچاریاواس اور دیگر وزراء سمیت کئی اراکین اسمبلی اور ریاستی کانگریس کے کئی عہدیدار و کارکنان شامل تھے۔ اس دوران پارٹی کارکنان نے بینر اور پوسٹر اٹھا رکھے تھے۔ اس دوران دھاریوال نے میڈیا سے کہا کہ صرف ہراساں کرنے، بدلہ لینے اور بدنام کرنے کے لیے کانگریس کے لوگوں پر حملہ کیا جا رہا ہے اور اس کے خلاف ملک بھر میں کروڑوں لوگ احتجاج میں سڑکوں پر نکل آئے ہیں اور اس کے تحت یہاں بھی پیدل مارچ نکالا جا رہا ہے۔