شملہ: ہماچل پردیش نے اگلے 24 گھنٹوں میں ریاست کے بیشتر مقامات پر بارش یا برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔ یہاں جاری ایک پریس ریلیز میں ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے کہا کہ ویسٹرن ڈسٹربنس کی وجہ سے آج سے ریاست کے بیشتر مقامات پر موسم تبدیل ہو رہا ہے۔ ریاست کے میدانی علاقوں میں چند مقامات پر گرج چمک، ژالہ باری اور مختلف مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ اونچی چوٹیوں میں برف باری ہونے کی وجہ سے درجہ حرارت میں کمی واقع ہوسکتی ہے۔
ریاست میں آج اور کچھ مقامات پر کل کے لیے ژالہ باری کے ساتھ بارش اور گرج چمک کے ساتھ ژالہ باری کے امکان کے پیش نظر یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ محکمہ کے مطابق ریاست میں 28 مارچ تک موسم خراب رہے گا۔ریاست میں صبح سے ہی مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہا اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران چند مقامات پر ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی۔ سیاحتی مقام ڈلہوزی میں ایک ملی میٹر اور کلپا (کنور) میں 0.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔