پارٹی کے نئے صدر کے انتخاب کا عمل کانگریس میں اندرونی اختلاف اور قیادت کے بحران کے درمیان شروع ہو گیا ہے۔ ہفتے کے روز کانگریس کے سینئر رہنماؤں کی میٹنگ ہوئی جس میں کانگریس کی عبوری صدر سونیا گاندھی، راہل گاندھی اور آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے ارکان اور عہدیدار موجود تھے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق راہل گاندھی نے کہا ہے کہ 'پارٹی جو انہیں ذمہ داری دے وہ اسے قبول کریں گے اور اس ذمہ داری کو بخوبی انجام دیں گے۔'
اجلاس میں موجود تمام رہنماؤں نے اپنے مطالبات پیش کیے، گزشتہ روزمنعقدہ اجلاس میں ایک بار پھر مطالبہ کیا گیا کہ راہل گاندھی کو کانگریس کا صدر بنایا جائے۔ جمعہ کو کانگریس کے ترجمان رندیپ سرجے والا نے کہا تھا کہ کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نئے صدر کے انتخاب کے لیے پارٹی کے سینئر رہنماؤں سے ملاقات کریں گی۔ انہوں نے بتایا تھا کہ ہفتہ سے شروع ہونے والی یہ بات چیت اور ملاقات اگلے دس دنوں تک جاری رہے گی اور سونیا گاندھی پارٹی کے سینئر رہنماؤں سے اجلاس کریں گی۔
5 گھنٹوں سے زیادہ جاری رہنے والی اس میٹنگ میں موجود تمام رہنماؤں نے اپنے خیالات ظاہر کیے۔ میٹنگ میں راہل گاندھی سے صدر کا عہدہ سنبھالنے کا مطالبہ کیا گیا۔ آخر میں راہل گاندھی نے کہا کہ پارٹی جو بھی ذمہ داری دے گی میں اس کی ذمہ داری لوں گا
اجلاس کے بعد کانگریس کے رہنما پرتھوی راج چوہان نے کہا کہ 'ہم نے پارٹی کے مستقبل پر تبادلہ خیال کیا۔ یہ ایک تخلیقی میٹنگ تھی جس میں سونیا گاندھی، راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی سمیت سینئر رہنماؤں نے پارٹی کی موجودہ صورتحال اور اس کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔