نئی دہلی: گجرات کی سورت ضلعی عدالت کی طرف سے کانگریس رہنما راہل گاندھی کو سزا سنائے جانے پر مختلف پارٹی کے رہنماوں نے اپنے ردعمل کا اظہار کیا۔ اس دوران کانگریس رہنما راہل گاندھی نے بھی مہاتما گاندھی کے خیالات کو ٹویٹ کیا ہے۔ انہوں نے ٹویٹ کیا کہ میرا مذہب سچائی اور عدم تشدد پر مبنی ہے۔ سچائی میرا خدا ہے، عدم تشدد اسے حاصل کرنے کا ذریعہ ہے۔ چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی بھوپیش بگھیل نے کہا کہ میڈیا کو بھی دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے، عدلیہ کو متاثر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور وہ اس سطح پر سیاسی جماعتوں کے لوگوں کے خلاف کارروائی کر رہے ہیں۔ ساتھ ہی بی جے پی ایم ایل اے پرنیش مودی جنہوں نے کانگریس ایم پی راہل گاندھی کے مودی سے متعلق بیان پر شکایت درج کرائی کہا کہ میں عدالت کے فیصلے کا خیر مقدم کرتا ہوں۔
راہل گاندھی کو سزا سنائے جانے پر مرکزی وزیر مملکت درشنا زردوش نے اپنے ردعمل میں کہا کہ آج کانگریس پارلیمنٹ میں ہنگامہ کر رہی تھی کہ راہل گاندھی کو بولنے دیا جائے، جب کہ راہل گاندھی بھی یہاں موجود نہیں تھے۔ عدالت نے اب یہ طے کرلیا ہے کہ انہیں سزا دی جائے گی۔ وہ (راہل گاندھی) بار بار غلط بولتے ہیں، سب کو اس کا پتہ چل گیا ہے۔ یہاں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن پارلیمان سشیل کمار مودی نے کہا کہ راہل گاندھی نے الیکشن سے پہلے بیان دیا تھا کہ سب مودی چور ہیں۔ اس بیان کے بعد مودی کا نام رکھنے والے کئی لوگوں نے ان کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کرایا تھا۔ سورت کی ضلعی عدالت کے ساتھ ساتھ دیگر عدالتوں میں بھی اسے اس طرح کی سزا سنائی جانی چاہیے۔