پیگاسس کیس کی سماعت اور تحقیقات کے لیے ایک کمیٹی قائم کرنے کے سپریم کورٹ کے حکم پر مودی حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا کہ ’’عدالت عظمیٰ نے ہماری بات پر مہر لگائی ہے اور ہماری پارٹی پھر سے اس معاملے کو پارلیمنٹ میں اٹھائے گی۔‘‘
راہل گاندھی نے کہا کہ ’’وزیر اعظم ملک سے افضل و اعلیٰ نہیں۔‘‘ گاندھی نے الزام عائد کیا کہ ’’پیگاسس کے ذریعے قومی اداروں پر حملہ کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن، پارلیمنٹ، وزیر اعلیٰ، اپوزیشن لیڈر، سیاستدانوں اور صحافیوں کی جاسوسی کی کوشش کی گئی۔‘‘
انہوں نے کہا کہ حکومت کو واضح کرنا چاہیےکہ پیگاسس کس کے خلاف استعمال کیا گیا۔ گاندھی نے کہا کہ وہ اس مسئلے کو بار بار اٹھا رہے ہیں اور ’’یہ جمہوریت کے لئے تشویشناک ہے۔ قومی سلامتی کے نام پر چیزیں اور حقائق چھپائے نہیں جا سکتے۔‘‘