سورت:گجرات سے بی جے پی کے رکن اسمبلی پورنیش مودی کانگریس رہنما راہل گاندھی کی ہتک عزت کے معاملے میں سزا پر روک لگانے کی درخواست کے سلسلے میں منگل کو سیشن عدالت میں اپنا جواب داخل کریں گے۔ ان کے وکیل نے پیر کو یہ اطلاع دی۔ پورنیش مودی نے راہل گاندھی کے خلاف ان کے مودی سرنام والے تبصرے پر ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا تھا، جس میں وہ قصوروار پائے گئے تھے۔ سورت میٹرو پولیٹن کورٹ نے راہل گاندھی کے مودی سرنام والے تبصرے پر 23 مارچ کو ہتک عزت کا جرم ثابت ہونے کے بعد دو سال قید کی سزا سنائی۔ 24 مارچ کو راہل گاندھی کی لوک سبھا کی رکنیت منسوخ کردی گئی تھی۔ جس کے بعد انہوں نے 3 اپریل کو سیشن عدالت میں اپنی سزا کے خلاف اپیل دائر کی تھی۔ ایڈیشنل سیشن جج آر پی موگیرا کی عدالت نے 3 اپریل کو راہل گاندھی کو ضمانت دی تھی اور ان کی سزا پر روک لگانے کی درخواست 13 اپریل تک ملتوی کر دی تھی۔ پورنیش مودی کے ساتھ عدالت نے گجرات حکومت کو بھی نوٹس جاری کیا تھا۔
پورنیش مودی کے وکیل کیتن ریشم والا نے پیر کو کہا کہ ہم 11 اپریل کو گاندھی کی سزا پر روک لگانے کی درخواست پر جواب داخل کریں گے۔ راہل کے خلاف بی جے پی کے ایم ایل اے اور گجرات کے سابق وزیر پورنیش مودی نے ان کے اس تبصرہ پر شکایت درج کرائی ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ تمام چور کا نام مودی کیوں ہوتا ہے؟ راہل گاندھی نے لوک سبھا انتخابات کی مہم کے دوران 13 اپریل 2019 کو کرناٹک کے کولار میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے یہ تبصرہ کیا۔