دہلی:مودی سرنیم کیس میں اپنی رکنیت کھونے والے راہل گاندھی مسلسل اڈانی معاملے پر سوال اٹھا رہے ہیں لیکن ہفتہ کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے ان سابق کانگریسیوں کو بھی نشانہ بنایا، جو اب بی جے پی میں شامل ہو چکے ہیں۔ راہل گاندھی کے ٹویٹ میں لفظوں کی پہیلی کی تصویر سامنے آئی ہے، جس میں درمیان میں اڈانی لکھا گیا تھا، لیکن انہی حروف کے ساتھ ان کے پرانے ساتھیوں کے نام بھی نظر آئے جو اب کانگریس چھوڑ چکے ہیں۔ راہل گاندھی نے کن سابق کانگریسیوں کو نشانہ بنایا، آئیے دیکھتے ہیں۔
کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے اپنے ٹویٹ میں لکھا ہے کہ ''سچ چھپاتے ہیں، اسی لیے روز گمراہ کرتے ہیں۔ سوال ایک ہی ہے - اڈانی کی کمپنیوں میں 20،000 کروڑ روپے کی بے نامی رقم کس کے پاس ہے؟' اس کے بعد انہوں نے ایک تصویر بھی لگائی جس میں اڈانی لکھا تھا، لیکن ان ہی حروف سے کئی اور نام بھی لکھے تھے۔ جس میں غلام نبی آزاد، سندھیا، کرن کمار ریڈی، ہمنتا بسوا سرما اور انیل انٹونی کے نام نظر آئے۔