راہل گاندھی بدھ کی سہ پہر پارٹی کے ترجمان رندیپ سرجے والا، پنجاب کے وزیر اعلیٰ چرنجیت سنگھ چننی، چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل اور کے سی وینوگوپال کے ساتھ لکھیم پور کا دورہ کرنے کے لیے لکھنؤ پہنچے تھے جہاں عہدیداروں نے انہیں دفعہ 144 کے نافذ ہونے اور امن و امان کا حوالہ دیکر متاثرہ اضلاع کا دورہ کرنے کی ضد چھوڑنے کی درخواست کی۔ کافی اصرار کے باوجود گاندھی ٹس سے مس نہیں ہوئے۔
بالآخر حکومت نے اسے سرکاری گاڑی میں لکھیم پور جانے کی اجازت دے دی ، لیکن سابق صدر نے کہا کہ وہ پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی وڈرا کو سیتا پور سے اپنے ساتھ لیکر جائیں گے اور اپنی ہی گاڑی میں سفر کریں گے۔ حکومت نے ان کی شرط کو قبول کرتے ہوئے راہل گاندھی اور پرینکا واڈرا سمیت پانچ رہنماؤں کو تشدد سے متاثرہ ضلع جانے کی اجازت دے دی۔
اس کے بعد پولیس کی نگرانی میں راہل گاندھی چرنجیت سنگھ چننی، بھوپیش بگھیل، کے سی وینوگوپال کے ساتھ اپنی نجی گاڑی میں سیتا پور کے لیے روانہ ہوئے۔ دریں اثنا ، حکومت نے پرینکا وڈرا کو تقریباً 60 گھنٹوں کے بعد رہا کیا اور ان کے خلاف تمام معاملات واپس لے لیے۔