غازیہ باد کے اہنسا کھنڈ کے رہنے والے وکیل ہری شنکر جین نے دہلی کے ساکیت کورٹ میں ایک اپیل دائر کی ہے۔ اپیل میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ دہلی کے قطب مینار احاطے میں تعمیر تاریخی قوۃ الاسلام مسجد کو 27 ہندو اور جین مندروں کو توڑ کر بنایا گیا ہے۔
ای ٹی وی بھارت سے خصوصی گفتگو میں سینئر وکیل ہری شنکر جین نے بتا یا کہ' کہ محمد غوری نے قطب الدین ایبک کو اپنا جانشین بنایا تھا، قطب الدین ایبک نے 27 ہندو اور جین مندروں کو توڑ کر اس قوۃ الاسلام مسجد کی وہاں پر بنیاد رکھی تھی۔ اس مسجد کو بنانے کا اصل مقصد اسلام کی طاقت کو بیان کرنا تھا جو اس کے نام میں موجود ہے۔ مزید انہوں نے کہاکہ' آج بھی وہاں ہندو مذہب کے دیوی دیوتاؤں کی تصویریں دیکھنے کو ملتی ہیں، انہوں نے کہا کہ اس مسجد کی تعمیر کا اصل مقصد ہندو مذہب کے ماننے والوں کے دل میں خوف پیدا کرانا تھا۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہاکہ قطب مینار میں لگے بورڈ پر صاف لفظوں میں لکھا ہوا ہے کہ مسجد 27 ہندو اور جین مندروں کو مسمار کر کے اسی ملبے سے تعمیر کی گئی ہے۔