جموں و کشمیر یتیم فاؤنڈیشن کی شاخ ڈوڈہ میں ادبی و ثقافتی مرکز، سون ملژار اور فریدیہ ماڈل ہائر سیکنڈری اسکول کے باہمی اشتراک سے فریدیہ ماڈل ہائر سیکنڈری اسکول کے احاطہ میں تین حصّوں پر مشتمل ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
یہ تقریب مشہور قلمکار سعداللہ شاد فرید آبادی کی صدارت میں منعقد ہوئی جب کہ ایوان صدارت میں شوکت حیات صدر یتیم فاؤنڈیشن ڈوڈہ، مصنف مشتاق فریدی، پرنسپل فریدیہ ماڈل اسکول محمد شریف بلوان، مفتی جاوید، پرنسپل گرلز ہائر سیکنڈری اسکول ڈوڈہ نازیہ منشی، نور الحسن عالم دین، پروفیسر اختر حسین آخون، موجود تھے جبکہ پروگرام کی نظامت کے فرائض سینیئر صحافی و نمائندہ شہربین ریڈیو کشمیر نے انجام دی۔
اُنہوں نے استقبالیہ خطبہ میں پروگرام کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔ پروگرام کے پہلے حصّے میں سیرت و تاریخ کے موضوع پر کوئز جس میں فریدیہ ماڈل ہائر سیکنڈری اسکول ڈوڈہ اور ڈگری کالج کے 20 طلباء و طالبات نے حصّہ لیا۔ دوسرے حصّے میں ڈگری کالج اور دیگر مقامی نعت خوانوں نے مختلف زبانوں میں نعت پڑھے جب کہ پروگرام کے آخری حصّے میں مصنف مشتاق فریدی کی لکھی کتاب، کلّیات نعت و منقبت کی رسم رونمائی کی گئی۔