دہلی:جنوب مشرقی دہلی کے حضرت نظام الدین علاقے میں پی ڈبلیو ڈی کی جانب سے غیر قانونی تعمیرات پر بلڈوزر چلا دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی دہلی پولیس، پیرا ملٹری فورس اور پی ڈبلیو ڈی کے افسران بھی موجود تھے۔ فٹ پاتھ پر ناجائز تجاوزات کے باعث پی ڈبلیو ڈی کی جانب سے فٹ پاتھ کو تجاوزات سے آزاد کرایا گیا ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ اس تجاوزات کو ہٹانے کے عمل کے دوران تقریباً 100 سال پرانی درگاہ کا کچھ حصہ بھی گرا دیا گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حضرت نظام الدین کے علاقے کے فٹ پاتھ پر ناجائز تجاوزات کی وجہ سے پی ڈبلیو ڈی کی جانب سے بلڈوزر چلایا گیا۔ یہ کارروائی درگاہ سید عبداللہ عرف بھورے شاہ، متھرا روڈ چکر والی مسجد بستی حضرت نظام الدین علاقے کے سامنے کی گئی ہے۔
درگاہ کے سرپرست یوسف بیگ نے بتایا کہ ہمیں پی ڈبلوں ڈی کے ذریعے بتایا گیا کہ مزار کا کچھ حصہ سڑک کے کنارے پر آ رہا ہے جسے ہٹانا ہے، جس کے بعد فوری طور پر بلڈوزر لائے گئے اور مزار کے سڑک کے کنارے والے حصے کے ساتھ ساتھ پورے حصے کو مسمار کر دیا گیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یہ مزار تقریباً 100 سال پرانا ہے اور ہم نے کسی قسم کی تجاوزات نہیں کی تھیں، اس کے باوجود پی ڈبلیو ڈی کی جانب سے مزار کے اطراف کو مسمار کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: Sabotage At Religious Place: مخصوص مذہبی مقام پر توڑ پھوڑ، دو نوجوان زیر حراست
تاہم پی ڈبلیو ڈی کا کہنا ہے کہ نظام الدین کے مزار کا کچھ حصہ سڑک کے فٹ پاتھ پر تجاوزات کر رہا تھا جس کے بعد پی ڈبلیو ڈی کی جانب سے فٹ پاتھ کو تجاوزات سے پاک کر دیا گیا۔ اس دوران کسی بھی قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ کارروائی کے دوران دہلی پولیس، پیرا ملٹری فورس اور پی ڈبلیو ڈی کے افسران موجود تھے۔