پوڈوچیری کی حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے سخت پابندی کے احکامات جاری کیے ہیں۔ پڈوچیری میں کورونا معاملات مستحکم نہیں ہوسکے ہیں۔ تاحال یہاں کورونا کیسز میں اضافہ ہی ہوا ہے۔ یہاں 27 اپریل 2021 کو لاک ڈاؤن کا حکم دیا گیا تھا جو 3 مئی تک نافذ تھا۔ بعد ازاں حکومت نے اسے بڑھاکر دس مئی کیا، اور اب کورونا ٹرانسمیشن کا سلسلہ توڑنے کے لیے 10 مئی 2021 کی آدھی رات سے آگے 14 دنوں کے لیے پابندیوں کو جاری رکھنا ضروری سمجھا گیا، انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں اس طرح کا حکم دیا گیا ہے۔
احکامات کے تحت تمام ساحل، پارکس، گارڈنس عوام کے لئے تمام دن بند رہیں گے اور کسی بھی شکل میں جمع ہونے اور اجتماع کرنے پر پابندی ہوگی۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کھلی اور بند جگہوں پر سماجی، سیاسی، کھیل، تفریح، تعلیمی، ثقافتی یا تہوار سے وابستہ اور دیگر اجتماعات پر پابندی ہوگی۔ تاہم، شرائط و ضوابط کے ساتھ ضروری خدمات کی اجازت ہوگی۔