سنیکت کسان مورچہ Samyukt Kisan Morcha کے ذریعہ پیر کو منعقد کسان مہا پنچایت میں ٹکیٹ نے کہا کہ تحریک میں ہلاک ہوئے 750 سے زیادہ کسانوں کو شہید کا درجہ دینے، ان کے اہل خانہ کو معاوضہ دینے اور ایم ایس پی کا قانون بنانے، مملکتی وزیر اجے مشرا ٹینی کو وزیر کے عہدے سے برخاست کرنے سمیت دیگر مطالبات پورے ہونے تک تحریک جاری رہے گی۔
لکھنؤ کے ایکو گارڈن میں کسانوں سے خطاب کرتے ہوئے ٹکیٹ نے تحریک کاروں سے بار بار بات کرنے کے حکومت کے دعوے کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہلی میں آرام سے بیٹھنے والوں کی زبان الگ تھی۔ انہوں نے کہا کہ 'ایم ایس پی کے لئے قانون بننا چاہئے۔ جس سے کسانوں کا فائدہ ہو، یہ ہمارے اہم مطالبات ہیں۔'
حکومت پر حملہ بولتے ہوئے ٹکیٹ نے کہا کہ پورے ملک کو پرائیویٹ کمپنیوں کو دے رہے ہیں۔ کسانوں کے مطالبات پورے ہوئے بغیر کسان تحریک سے پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں۔
ٹکیٹ نے اے آئی ایم آئی ایم سربراہ و رکن پارلیمان اسد الدین اویسی کے شہریت ترمیمی قانون(سی اے اے) کو واپس لینے کی حکومت سے مطالبہ کرنے کے بارے میں کہا کہ اویسی اور بی جے پی کے درمیان چچا۔بھتیجے کا رشتہ ہے۔ یہ حکومت ان کا ہر مطالبہ پورا کرے گی۔