ایودھیا: بی جے پی کی سابق ترجمان نوپور شرما کے قابل اعتراض بیان کے خلاف ملک بھر میں مسلمان سخت ناراضگی کا اظہار کر رہے ہیں۔ نماز جمعہ کے بعد ملک کے مختلف حصوں میں احتجاج و مظاہرے کئے گئے اور اس دوران متعدد مقامات پر تشدد کے واقعات بھی رونما ہوئے۔ اس موقع پر بابری مسجد کیس کے مدعی اقبال انصاری اور رام جنم بھومی کے چیف پجاری آچاریہ ستیندر داس نے لوگوں سے امن و امان کو برقرار رکنے کی اپیل کی۔ Iqbal Ansari's Reaction Against The Violence In Entire Country
اقبال انصاری نے کہا کہ جو لوگ تشدد و ہنگامہ کر رہے ہیں اور قانون کو اپنے ہاتھوں میں لینے کی کوشش کررہے ہیں، وہ اسلام مخالف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں قانون ہے، قانون کی حکمرانی ہے، جس کو شکایت ہے وہ ایف آئی آر درج کرائے اور عدالت سے رجوع کرے، قصوروار کو قانونی راستے سے سزا دلائے۔ اس طرح سڑک پر توڑ پھوڑ اور تشدد پھیلا کر جو پیغام دیا جا رہا ہے اسے کہیں سے بھی درست قرار نہیں دیا جا سکتا۔ ایسے لوگ اسلام دشمن ہیں۔ جب حکومت خود اس معاملے پر سخت رویہ اپنا رہی ہے اور ایکشن لے رہی ہے تو پھر یہ ہنگامہ کھڑا کرنے کی کیا ضرورت ہے۔ ایسے لوگوں کو معاشرے میں کوئی مقام نہیں ملنا چاہیے، ایسے لوگ سماج دشمن اور اسلام دشمن ہیں۔