علی گڑھ (اے ایم یو):پروفیسر طارق منصور کے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی وائس چانسلر کے عہدے سے استعفیٰ کے بعد یونیورسٹی کیمپس میں دیگر عہدیداران کے استعفی کی افواہوں میں سے کچھ حقیقت بھی ثابت ہو رہی ہیں۔ اے ایم یو شعبہ رابطہ عامہ کے ممبر انچارج پروفیسر شافع قدوائی نے ایک ہفتہ قبل ہی اپنا استعفیٰ دے دیا تھا جو اب یہ منظر عام پر آ گیا ہے۔ ان کے استعفیٰ کی وجہ بیماری بتائی جا رہی ہے لیکن کیمپس میں شافع قدوائی کے استعفی کو طارق منصور کے استعفی سے جوڑ کر دیکھا جا رہا ہے۔
پروفیسر شافع قدوائی، اے ایم یو کے نقاد، ادبی کالم نگار اور سینیئر پروفیسر، شعبہ ابلاغ عامہ کے ساتھ قطر کی ممتاز ادبی ایوارڈ تنظیم مجلس فروغ اردو ادب، ساہتیہ اکادمی ایوارڈ، کلنگا لٹریچر ایوارڈ، اقبال سمان، مدھیہ پردیش حکومت کے اعلیٰ ترین ادبی ایوارڈ، امیر خسرو ایوارڈ، یوپی اردو اکادمی کا سب سے بڑا ادبی ایوارڈ ملنے کے ساتھ ساتھ ان کی انگریزی، اردو میں تقریباً 20 کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔