وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ مسئلہ انہیں ٹالنے سے نہیں بلکہ ان کا حل تلاش کرنے سے سے ختم ہوتا ہے اور ان کی حکومت نے ملک میں برسوں سے زیر التوا پروجیکٹوں کو اسی اصول پر چلتے ہوئے پورا کیا ہے۔
مسٹر مودی نے پیر کو دارالحکومت کے لٹین زون میں وشمبھر دت روڈ پر ارکان پارلیمنٹ کے لئے نئی کثیر منزلہ رہائش گاہوں کا افتتاح کرتے ہوئے کہا ’’دہائیوں سے چلے آرہے مسئلوں کو ٹالنے سے نہیں، ان کا حل تلاش کرنے سے وہ ختم ہوتے ہیں۔ صرف ارکان پارلیمنٹ کی رہائش گاہ ہی نہیں بلکہ یہاں دہلی میں ایسے متعداد پروجیکٹ تھے، جو کئی کئی برسوں سے ادھورے تھے''۔
اس احاطے میں آٹھ پرانے بنگلوں کو توڑ کر ارکان پارلیمنٹ کے لئے 76 نئی کثیر منزلہ رہائش گاہیں بنائی گئی ہیں۔اس موقع پر لوک سبھا اسپیکر اوم برلا اور کئی دیگر معزز ہستیاں بھی موجود تھیں۔