نئی دہلی: کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے جمعہ کو پہلوان ساکشی ملک اور بجرنگ پونیا سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کرکے انھیں اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا اور کہا کہ وہ آخری دم تک ان کی لڑائی میں کھڑی رہیں گی۔ اکیس دسمبر کو ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (WFI) کے انتخاب میں برج بھوشن شرن سنگھ کے ساتھی سنجے سنگھ کے نیا صدر منتخب کیا گیا، جس سے ناراض خاتون پہلوان ساکشی ملک نے کشتی سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
پہلوانوں کے ساتھ میٹنگ سے باہر آنے کے بعد کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں یہاں ایک خاتون کے طور پر آئی ہوں کیونکہ مجھے لگتا ہے کہ ان لڑکیوں کے ساتھ جو کچھ ہوا ہے وہ قابل نفرت ہے۔ کانگریس لیڈر دیپندر ہڈا بھی پرینکا گاندھی کے ساتھ ایک پہلوان کی رہائش گاہ پر گئے تھے۔ دیپندر ہڈا نے بتایا کہ پرینکا گاندھی نے پہلوانوں کو یقین دلایا کہ وہ انصاف کی لڑائی میں آخری دم تک کھڑی رہیں گی۔ ہڈا نے مزید کہا کہ پرینکا جی نے انہیں بتایا کہ کانگریس ان کے ساتھ ہے۔ ہماری خواتین پہلوانوں کے ساتھ جو سلوک ہوا ہے اس پر پوری قوم غمزدہ ہے۔ یہ بدقسمتی کی بات ہے۔ ہم نے انہیں مکمل حمایت کا یقین دلایا۔