ترال:گذشتہ ماہ کی انتیس تاریخ کو وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے پلوامہ ضلع کے سعید آباد ترال میں منعقدہ سنو کرکٹ کا ذکر کرنے کے بعد جہاں مقامی افراد اور کھلاڑی خوشی کا اظہار کر رہے ہیں وہیں انتظامیہ بھی من کی بات پروگرام میں ترال کا ذکر ہونے پر پُراطمینان نظر آ رہا ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ترال شبیر احمد رینہ نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ خصوصی بات چیت میں کہا کہ ملک کے وزیراعظم کی جانب سے ترال علاقے کی تعریف سے نہ صرف اسپورٹس کلچر کو فروغ ملے گا بلکہ اس سے نوجوان کھلاڑیوں کا رجحان زیادہ سے زیادہ کھیل کود کی طرف بڑھےگا۔
شبیر احمد رینہ نے بتایا کہ اتنے بڑے ملک میں وزیراعظم کی جانب سے ایک گاؤں کا ذکر کرنا کوئی معمولی بات نہیں ہے بلکہ یہ ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس سے نہ صرف مقامی لوگ اور کھلاڑی خوش ہیں، بلکہ اس سے انتظامیہ کے کام کاج کی سراہنا بھی ہو رہی ہے اور یہ ہمارے لیے باعث افتخار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے بھی نوجوان کھلاڑیوں نے فون کیا، وہ بہت ہی زیادہ خوش ہیں اور ان کے توقعات بھی بڑھ گیے ہیں۔ انتظامیہ بھی اب وہاں کے کھیل میدان کی شان رفتہ بحال کرنے کے لیے مزید اقدامات اٹھائے گا، عنقریب وہاں ایک خصوصی ٹورنامنٹ بھی منعقد کیا جائے گا۔