وزیر اعظم نریندر مودی ایک دن کے اس پروگرام میں مہوبا ضلع میں پانی کی قلت کے مسئلے کو دور کرنے اور کسانوں کو ضروری راحت دینے کے لیے کچھ منصبوں کا افتتاح اور جھانسی میں 600 میگا واٹ کے الٹرا میگا سولر پاور پارک کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ اس کے علاوہ وہ اٹل ایکتا پارک کا بھی افتتاح کریں گے۔
سرکاری اطلاع کے مطابق مودی جمعہ کو 2.45 بجے مہوبا میں ارجن سہائک پروجیکٹ، رتولی ویئر پروجیکٹ، بھوانی باندھ پروجیکٹ اور مجھگاوں، مرچ چھڑکاوں پروجیکٹ کا افتتاح کریں گے۔ ان منصوبوں کی کل لاگت 3250 کروڑ روپے سے بھی زائد ہے اور ان کے مکمل ہوجانے سے مہوبا، ہمیر پور، باندہ اور للت پور اضلاع میں تقریباً 65000 ہیکٹیر زمین کی سینچائی میں مدد ملے گی۔ جس سے علاقہ کے لاکھوں کسان مستفید ہوں گے۔ ان منصوبوں سے اس علاقہ میں پینے کے لائق پانی بھی دستیاب ہوگا۔
وزیر اعظم شام 5.15 بجے جھانسی کے گروٹھا میں تین ہزار کروڑ روپے کے تخمینہ خرچ سے قائم کیے جارہے 600 میگا واٹ کے الٹرا میگا سولر پاور پارک کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔