وزیر اعظم نریندر مودی حیدرآباد میں آئندہ ماہ ہونے والے بی جے پی کی قومی عاملہ کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ ان کا قیام تین دن تک مادھاپور کی نووٹل ہوٹل میں ہوگا۔ وزیر اعظم کی ٹیم کے راج بھون میں ان کو ٹہرانے پر غور کیا تھا، تاہم سکیورٹی وجوہات کی بنا پر ایس پی جی کی طرف سے نووٹل ہوٹل میں قیام کی اجازت دی گئی۔ وزیر اعظم 2، 3 اور 4 جولائی کو اس ہوٹل میں قیام کریں گے۔ 3 جولائی کو وزیر اعظم بڑے جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ حکام 5000 پولیس اہلکاروں کے ساتھ حفاظتی انتظامات کر رہے ہیں۔ PM Modi Hyderabad Visit
وزیر اعظم مودی کے دورے کو لیکر سکیورٹی سخت:وزیر اعظم نریندر مودی کے 2 جولائی کو دورہ تلنگانہ کے پیش نظر سائبر آباد کے پولیس کمشنر ایم اسٹیفن رویندرا نے بدھ کو میٹرو پولیٹن کمشنریٹ علاقہ میں یکم سے 4 جولائی تک دفعہ 144 کے تحت حکم امتناعی نافذ کردیا ہے۔ سائبرآباد پولیس نے ایک الگ حکم میں دفعہ 144 کے تحت ڈرون کے خلاف امتناعی احکامات بھی جاری کیے۔
اسے وزیر اعظم کے دورہ کے پیش نظر گچی باؤلی میں ایچ آئی سی سی میں پانچ کلومیٹر کے دائرے میں لاگو کیا جائے گا۔ حکم نامے کے مطابق، عوام کو مطلع کیا گیا ہے کہ حکم کی خلاف ورزی کرنے والا کوئی بھی شخص دفعہ 144 سی آر پی سی کے تحت قانونی چارہ جوئی کا ذمہ دار ہوگا۔ حکم نامے کے مطابق ڈیوٹی پر مامور پولیس افسران، فوجی اہلکار، ہوم گارڈز اور جنازے پر جانے والوں کو اس سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔