چندی گڑھ: وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز یہاں شرومنی اکالی دل (ایس اے ڈی) کے سرپرست اور پنجاب کے بڑے لیڈر پرکاش سنگھ بادل کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیر اعظم مودی ہوائی اڈے سے سیدھے یہاں سیکٹر 28 میں واقع ایس اے ڈی کے ہیڈکوارٹر پہنچے، جہاں بادل کا جسد خاکی رکھا گیا تھا۔ وزیر اعظم کے ساتھ ہریانہ کے وزیر اعلیٰ منوہر لال کھٹر نے بھی بادل کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیر خزانہ ہرپال چیمہ اور وزیر تعلیم ہرجوت بینس نے بھی ریاستی حکومت کی جانب سے بادل کو خراج عقیدت پیش کیا۔ بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے ریاستی صدر جسبیر سنگھ گاڈی، ریاستی کانگریس کے سابق صدر ایچ ایس ہنسپال، سابق وزیر خزانہ اوپیندر جیت کور، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی ) ممبر اسمبلی کے ڈی بھنڈاری، بہت سے قریبی دوستوں اور سیاسی جماعتوں کے رہنماوں نے ان کا دیدار کیا اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
خیال رہے کہ پانچ بار پنجاب کے وزیر اعلیٰ رہنے والے بادل کا بدھ کی رات موہالی کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں انتقال ہو گیا تھا۔ آنجہانی بادل نے رات تقریباً 8.20 بجے آخری سانس لی۔ انہیں تقریباً ایک ہفتہ قبل سانس لینے میں دشواری کے باعث اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا لیکن ان کی صحت مسلسل بگڑ رہی تھی۔