'کھیلو انڈیا' سرمائی کھیلوں کا دوسرا ایڈیشن عالمی شہرت یافتہ سکی ریسورٹ گلمرگ میں آج سے شروع ہو گیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اس میگا ایونٹ کا آن لائن افتتاح کیا۔
2 مارچ کو اختتام پذیر ہونے والے ان کھیلوں میں 27 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ مودی نے ورچوئل خطاب کے دوران کہا کہ ''یہ بین الاقوامی سرمائی کھیلوں میں بھارت کی موجودگی کو درج کرانے اور جموں و کشمیر کو سرمائی کھیلوں کا مرکز بنانے کی راہ میں ایک اہم قدم ہے''۔
جموں و کشمیر کو بنائیں گے سرمائی کھیلوں کا مرکز:وزیراعظم مودی انہوں نے کہا کہ ''یہ کھیل 'ایک بھارت، شریشٹھ بھارت' کے عہد کو مضبوط کریں گے۔ مجھے بتایا گیا کہ اس بار حصہ لینے والوں کی تعداد دگنا ہوگئی ہے۔ یہ سرمائی کھیلوں کے تئیں لوگوں کے بڑھتے رحجان کی علامت ہے''۔ ان کھیلوں میں الپائین اسکینگ، نورڈک سکینگ، اسنو بورڈنگ، سکی ماؤنٹیرنگ، آئس ہاکی اور آئس سکیٹنگ شامل ہے۔''
گلمرگ میں ہونے والے یہ کھیل بتاتے ہیں کہ جموں و کشمیر امن و ترقی کی نئی بلندیوں کو چھونے کے لئے کتنا تیار ہے۔ اس کے ساتھ ہی جموں و کشمیر کی سیاحت کو بھی نئی توانائی اور جوش ملنے والا ہے۔
واضح رہے کہ جموں و کشمیر کے گلمرگ میں یہ کھیل 26 فروری سے 2 مارچ تک منعقد ہورہے ہیں۔ یہ جموں و کشمیر اسٹیٹ اسپورٹس کونسل کے ذریعہ کھیلو انڈیا کے اشتراک سے کیا گیا ہے اور ای ٹی وی بھارت کھیلوں کا میڈیا پارٹنر ہے۔ ان کھیلوں میں جموں و کشمیر، لداخ، کرناٹک، بہار، دہلی، ہریانہ، اتراکھنڈ، پنجاب، بہار، تمل ناڈو، تلنگانہ، چنڈی گڑھ، لکشدویپ، مدھیہ پردیش، آندھرا پردیش، اوڈیشہ، اتر پردیش، مہاراشٹرا، ہماچل پردیش اور راجستھان کے 603 کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں۔