صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند گوا میں آئی این ایس ہنس پر ایک رسمی پریڈ میں 6 ستمبر کو بھارتی نیول ایوی ایشن کو ’صدر کا پرچم‘ پیش کریں گے۔ اس موقع پر محکمۂ ڈاک ’ اسپیشل ڈے کور‘ بھی جاری کرے گا۔
تقریب میں گوا کے گورنر، وزیر دفاع، وزیر اعلیٰ گوا، بحریہ کے سربراہ، فوجی اور انتظامی حکام کے ساتھ ساتھ کئی معززین کی شرکت متوقع ہے۔
ملک کی بے مثال خدمات کے لئے کسی بھی فوجی یونٹ کوفراہم کئے جانے والا ’ صدر کا پرچم ‘ اعلیٰ ترین اعزاز ہوتا ہے۔ بھارتی مسلح افواج میں بھارتی بحریہ کو یہ اعزاز سب سے پہلے اس وقت کے صدر ڈاکٹر راجیندر پرساد نے 27 مئی 1951 کو دیا تھا۔ اس کے بعد ’ صدر کا پرچم ‘ بھارتی بحریہ کی سدرن کمانڈ ، ایسٹرن کمانڈ ، ویسٹرن کمانڈ ، ایسٹرن بیڑے ، ویسٹرن بیڑے ، سب میرین اکائی ، آئی این ایس شیواجی اور بحریہ کی انڈین نیول اکیڈمی کوبھی فراہم کیا گیا تھا۔