بلغراد: صدر دروپدی مرمو بدھ کو چار روزہ سرکاری دورے پر سربیا کے بلغراد کے نکولا ٹیسلا ہوائی اڈے پر پہنچیں۔ بھارتی صدر نے سربیا کی گنڈی جیوا اسٹریٹ میں مہاتما گاندھی کے مجسمے پر پھول چڑھا کر انھیں خراج عقیدت بھی پیش کیا۔ صدر مرمو اس سے قبل بدھ کو سرینام کا دورہ مکمل کرنے کے بعد سربیا کے لیے روانہ ہوئیں تھیں۔ وہ سربیا کے صدر الیگزینڈر ووچک کی دعوت پر 9 جون تک سرکاری دورے پر سربیا میں ہوں گی۔ مرمو سرینام کے صدر چندریکاپرساد سنتوکھی کی دعوت پر 4 سے 6 جون تک سرینام میں تھیں۔
صدر مرمو کا سربیا کا دورہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب گزشتہ ہفتے کوسوو میں تناؤ بڑھ رہا ہے جس نے 2008 میں سربیا سے آزادی کا اعلان کیا تھا۔ دراصل ایک متنازعہ انتخابات میں نسلی طور پر البانوی میئروں کی تعیناتی پر پرتشدد مظاہرین کی اطلاعات ہیں۔ نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، اس ہفتے شمالی کوسوو میں درجنوں نیٹو امن فوجی زخمی ہوئے ہیں جب ان کی نسلی سربوں کے ساتھ جھڑپ ہوئی، جس سے سربیا اور کوسوو کے درمیان بڑے پیمانے پر کشیدگی پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
تاہم، وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت کوسوو کی آزادی کے اعلان کو تسلیم نہیں کرتا ہے اور یہ کہ ملک کی صورتحال سے صدر دروپدی مرمو کے سربیا کے دورے پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ صدر مرمو کے سرینام اور سربیا کے دورے کے بارے میں ایک خصوصی بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے وزارت خارجہ کے سکریٹری ویسٹ سنجے ورما نے کہا کہ ہم کوسوو میں حالیہ تشدد سے واقف ہیں، جو سربیا کے انتہائی جنوبی سرے پر ہے۔