مدورے:صدر جمہوریہ دروپدی مرمو دو روزہ تمل ناڈو کے دورے پر ہفتہ کی صبح یہاں پہنچیں۔ صدر بننے کے بعد ریاست کا یہ ان کا پہلا دورہ ہے۔ مرمو کا یہاں ہوائی اڈے پر گورنر آر این روی، ریاستی آئی ٹی اور ڈیجیٹل خدمات کے وزیر ٹی مانو تھنگراج، مدورے کے ضلع کلکٹر اور سینئر افسران نے استقبال کیا۔ وہ مشہور میناکشی سندریشور مندر گئیں اور پوجا کی۔ ان کے مندر میں انادانم (بھکتوں کو مفت کھانا) اسکیم میں بھی شامل ہونے کا امکان ہے۔
صدر نے مندر میں تقریباً 45 منٹ گزاریں اور اس دوران انہوں نے مندر کے تالاب کا بھی دورہ کیا۔ مندر میں پوجا کرنے کے بعد وہ کوئمبٹور جائیں گی، جہاں وہ ایشا یوگا سینٹر میں مہاشیو راتری کی تقریبات میں شرکت کریں گی۔ مرمو مہا شیو راتری کی تقریبات میں مہمان خصوصی ہوں گی، جس کے دوران وہ ایشا فاؤنڈیشن میں دھیانلنگا اور یوگیشور لِنگا کی پوجا کریں گی۔ ریسکورس کے سرکاری گیسٹ ہاؤس میں رات بھر قیام کے بعد محترمہ مرمو کل ہیلی کاپٹر کے ذریعے نیل گری ضلع کے کنور میں ویلنگٹن ملٹری اسٹیشن کا دورہ کریں گی اور وار میموریل پر پھولوں کی چادر چڑھا کر انہیں خراج عقیدت پیش کریں گی۔
وہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے کوئمبٹور ہوائی اڈے پہنچیں گی اور واپس دہلی کے لئے اڑان بھریں گی۔ پولیس نے صدر کے دورے کے پیش نظر مدورے اور ٹیکسٹائل سٹی کوئمبٹور میں سیکورٹی کے وسیع انتظامات کیے ہیں۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ مدورے میں مندر اور اس کے آس پاس پانچ درجے کی حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں اور 100 سے زیادہ سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں۔ گاڑیوں کی چیکنگ تیز کر دی گئی ہے اور بیریکیٹس لگا دئے گئے ہیں۔